نئی دہلی، یکم اپریل (ایس او نیوز؍ایجنسی) دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین نے بدھ کے روز بتایا کہ ریاستی حکومت نے 33 نجی اسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کے لئے 220 مزید آئی سی یو آئی کے بستروں کا اضافہ کرنے کے احکامات صادر کئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان اسپتانوں میں غیر آئی سی یو بستروں کی تعداد 838 تک بڑھائی جائے گی۔ اسپتالوں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ڈیٹا مینجمنٹ پورٹل پر آئی سی یو میں اضافہ اور عام بستروں کی فہرست کو اپ ڈیٹ کر دیں۔
وزیر صحت نے کہا کہ دہلی کے اندر صورتحال معمول پر ہے اور سرکاری اور نجی اسپتالوں میں تقریباً 25 فیصد بستروں پر مریض داخل ہیں۔ ملک کی متعدد ریاستوں میں مثبت شرح 10 فیصد سے اوپر ہے جبکہ دہلی میں 2.7 فیصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا سے بچاؤ کی مہم 45 اپریل سے زیادہ عمر کے لوگوں کے لئے یکم اپریل سے شروع ہوگی۔ جو لوگ ویکسینیشن کے لئے اندراج کرنے کے اہل ہیں وہ سہ پہر 3 بجے سے رات 9 بجے تک سینٹر پر پہنچ کر ویکسینیشن کروا سکتے ہیں۔
اس سے قبل وزیر اعلی اروند کیجریوال نے دہلی میں بڑھتے ہوئے کورونا کیس کے پیش نظر منگل کو تشویش کا اظہار کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کچھ اسپتالوں میں کوویڈ 19 کے جنرل اور آئی سی یو بیڈ کی تعداد میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ اس سے بستروں کی دستیابی بڑھ جائے گی۔ نیز، وزیر اعلی نے کہا کہ ہم کوویڈ پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور تمام ضروری اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ہوشیار رہیں اور کوویڈ کے بارے میں سو فیصد جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔